لاہور( سپورٹس ڈیسک)پی ایس ایل کے گیارہویں ایڈیشن میں شاندار کارکردگی دکھانے والے حیدرآباد کنگزمن کے فاسٹ بولر آصف محمود نے قومی ٹیم میں واپسی سے متعلق سوال پر معنی خیز انداز میں ردعمل دے کر سب کو چونکا دیا۔اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف عمدہ کھیل پیش کرنے کے بعد پچ سائیڈ بعد از میچ پروگرام میں سابق کپتان ثناء میر نے ان سے پاکستان انڈر 19 کے دنوں کا حوالہ دیتے ہوئے سوال کیا کہ کیا شائقین انہیں دوبارہ قومی ٹیم میں دیکھ سکتے ہیں۔اس موقع پر آصف محمود نے مسکراتے ہوئے صرف اتنا کہا کہ کوئی جواب نہیں اور مزید بات کرنے سے گریز کیا، جسے حاضرین نے ایک سوچا سمجھا ردعمل قرار دیا۔ثناء میر اور میزبان زینب عباس نے بھی اس انداز کو دانشمندانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ بعض اوقات خاموشی خود بہت کچھ بیان کر دیتی ہے۔ثناء میر نے مزید کہا کہ اس سے قبل عثمان خان سے بھی اسی نوعیت کا سوال کیا گیا تھا اور ان کا جواب بھی کچھ اسی طرح کا تھا۔یاد رہے کہ آصف محمود کو دسمبر 2014 میں پاکستان انڈر 19 ٹیم میں شامل کیا گیا تھا جہاں انہوں نے کینیا کے خلاف سیریز میں شرکت کی اور ایک میچ میں چار وکٹیں حاصل کر کے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔تیس سالہ فاسٹ بولر نے پی ایس ایل میں اپنے پہلے ہی میچ میں دو اوورز کے دوران چار وکٹیں حاصل کر کے ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا، جس کے بعد ان کی کارکردگی پر شائقین اور ماہرین کی توجہ مرکوز ہو گئی ہے۔
قومی ٹیم میں واپسی کا سوال پر آصف محمود کا معنی خیز خاموش جواب
3 دن قبل