لاہور ( سپورٹس ڈیسک)پشاور زلمی کے ہیڈ کوچ اوٹس گبسن نے کہا ہے کہ نوجوان کھلاڑی فرحان یوسف نے پہلے ہی پریکٹس سیشن میں اپنی کارکردگی سے انہیں متاثر کیا۔لاہور میں کراچی کنگز کے خلاف میچ میں فتح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فرحان یوسف ایک باصلاحیت کھلاڑی ہیں جن کے پاس مختلف اور شاندار شاٹس موجود ہیں۔اوٹس گبسن کے مطابق اٹھارہ سالہ فرحان یوسف نہ صرف ایک باصلاحیت کھلاڑی ہیں بلکہ انڈر انیس ٹیم کی قیادت بھی کر رہے ہیں، اور انہیں مستقبل کے لیے خصوصی طور پر تیار کیا جا رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ٹیم کے بعض دیگر کھلاڑی بھی بہترین کارکردگی دکھا رہے ہیں جس پر انہیں اطمینان ہے۔ ان کے مطابق بابر اعظم ایک عالمی معیار کے کھلاڑی ہیں جو ہمیشہ بہترین کارکردگی کے لیے کوشاں رہتے ہیں اور اس وقت وہ شاندار فارم میں ہیں۔پشاور زلمی کے ہیڈ کوچ نے یہ بھی کہا کہ بنگلہ دیشی بولرز نے بھی عمدہ کارکردگی دکھائی، تاہم بعض کھلاڑی قومی ذمہ داری کے باعث دستیاب نہیں ہوں گے، جس پر انہیں افسوس ہے کیونکہ قومی ذمہ داری ہمیشہ پہلی ترجیح ہوتی ہے۔
فرحان یوسف کی کارکردگی نے پہلے ہی سیشن میں متاثر کیا، اوٹس گبسن
2 گھنٹے قبل