پارتھ سمتھان کا پاکستانی ڈراموں سے موازنہ قابل فخر قرار، مداحوں کی محبت پر خوشی کا اظہار

13 گھنٹے قبل
پارتھ سمتھان کا پاکستانی ڈراموں سے موازنہ قابل فخر قرار، مداحوں کی محبت پر خوشی کا اظہار

ممبئی( شوبز ڈیسک)بھارتی ٹیلی وژن کے معروف اداکار پارتھ سمتھان نے مداحوں کی جانب سے اپنے ڈرامے کا پاکستانی ڈرامے سے موازنہ کیے جانے پر مسرت کا اظہار کیا ہے۔پارتھ سمتھان ان دنوں ڈرامہ سیریل سحر ہونے کو ہے میں ایک مسلمان کردار ادا کر رہے ہیں۔ یہ رومانوی کہانی ناظرین میں مقبول ہو رہی ہے اور مداح اس کا تقابل معروف پاکستانی ڈرامے میری زندگی ہے تو سے کر رہے ہیں۔ایک گفتگو کے دوران اداکار نے کہا کہ وہ اس معاملے پر کھل کر بات کرنا چاہتے ہیں۔ ان کے مطابق بھارت میں بڑی تعداد میں لوگ پاکستانی ڈرامے دیکھتے اور پسند کرتے ہیں، جو دونوں ممالک کے فن کے درمیان مضبوط تعلق کی عکاسی کرتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ وہ خود بھی متعدد پاکستانی ڈرامے دیکھ چکے ہیں، جن میں میری زندگی ہے تو بھی شامل ہے، اور اس موازنے کو وہ ایک مثبت پیش رفت اور قابل تعریف رجحان سمجھتے ہیں۔پارتھ سمتھان نے پاکستانی اداکار بلال عباس سے اپنے موازنے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اسے مداحوں کی محبت سمجھنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ محنت سب کرتے ہیں مگر اصل کامیابی انہیں ملتی ہے جن پر قسمت مہربان ہو۔انہوں نے مزید کہا کہ سب کچھ قسمت کا کھیل ہے، اگر قدرت کا فضل شامل ہو تو انسان کو عوام کی محبت بھی حاصل ہو جاتی ہے۔