ممبئی( شو بز ڈیسک)بالی ووڈ کی مقبول ترین جوڑی دیپیکا پڈوکون اور رنویر سنگھ نے دوسری بار والدین بننے کی خوشخبری کے بعد پہلی مرتبہ عوامی سطح پر ایک ساتھ نمودار ہو کر مداحوں کی توجہ حاصل کر لی۔رپورٹس کے مطابق یہ جوڑا 28 اپریل کو بھارتی شہر ممبئی کے ایئرپورٹ پر دیکھا گیا، جہاں دونوں نے حمل کی خبر سامنے آنے کے بعد پہلی بار میڈیا اور عوامی کیمروں کا سامنا کیا۔اس سے قبل 19 اپریل کو دونوں نے سوشل میڈیا پر مشترکہ پوسٹ کے ذریعے اپنی دوسری اولاد کی آمد کا اعلان کیا تھا، جس پر مداحوں اور فلم انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے خوشی کا اظہار کیا۔ایئرپورٹ پر اس بار دونوں ستاروں نے اپنے روایتی گلیمرس انداز کے برعکس سادہ لباس کو ترجیح دی۔ دیپیکا پڈوکون نیلے رنگ کے آرام دہ لباس اور پیلے جوتوں میں نظر آئیں جبکہ رنویر سنگھ ڈھیلی ٹی شرٹ، کارگو جینز اور چشمہ لگائے کیژول انداز میں موجود تھے۔ اس موقع پر رنویر کو دیپیکا کا خاص خیال رکھتے ہوئے ان کی معاونت کرتے بھی دیکھا گیا۔یہ جوڑا 2018 میں اٹلی کے خوبصورت مقام لیک کومو میں شادی کے بندھن میں بندھا تھا۔ ان کی پہلی بیٹی دعا پڈوکون سنگھ ستمبر 2024 میں پیدا ہوئی تھی، اور اب دوسری بار خوشخبری کے اعلان نے مداحوں میں ایک بار پھر خوشی کی لہر دوڑا دی ہے۔ذرائع کے مطابق دیپیکا پڈوکون حمل کے دوران بھی اپنے پیشہ ورانہ منصوبوں میں سرگرم ہیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ہدایتکار ایٹلی اپنی نئی ایکشن فلم ’’راکا‘‘ کے شیڈول میں تبدیلی کر رہے ہیں تاکہ اداکارہ کی صحت اور آرام کو ترجیح دی جا سکے، جبکہ اس فلم میں اداکار الو ارجن بھی مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں۔
دوسری بار والدین بننے کی خوشخبری کے بعد دیپیکا اور رنویر پہلی بار منظرِ عام پر
9 گھنٹے قبل