کراچی( شوبز ڈیسک)پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف جوڑی خوشحال خان اور رمشا خان نے بالآخر اپنی شادی کی تصدیق کرتے ہوئے مداحوں کو خوشخبری سنا دی۔ سوشل میڈیا پر جاری تصاویر کے بعد گردش کرتی افواہیں حقیقت میں بدل گئیں۔خوشحال خان نے سماجی رابطوں کی ویب گاہ پر چند منفرد تصاویر شیئر کیں، جن میں دونوں فنکاروں کے چہرے مکمل طور پر ظاہر نہیں کیے گئے بلکہ جزوی طور پر چھپائے گئے، جس سے اس اعلان میں پراسراریت کا عنصر بھی شامل ہو گیا۔تصاویر کے ساتھ اداکار نے ایک جذباتی پیغام میں اپنی شادی کی تصدیق کرتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ زندگی کے اس نئے سفر کا آغاز ایک ساتھ کرنے پر شکر گزار ہیں۔ انہوں نے اپنے چاہنے والوں کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے ہر مرحلے پر ان کا ساتھ دیا۔اداکار نے مداحوں سے اپیل کی کہ اس خوشی کے موقع پر ان کی نجی زندگی کا احترام کیا جائے اور انہیں ذاتی معاملات میں سکون فراہم کیا جائے۔واضح رہے کہ کچھ روز قبل دونوں کی خفیہ شادی سے متعلق خبریں سوشل میڈیا پر زیر گردش تھیں، جس پر رمشا خان نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ایک وائرل تصویر ہٹانے کا مطالبہ کیا تھا اور کہا تھا کہ وہ مناسب وقت پر خود اس حوالے سے آگاہ کریں گی، جو اب حقیقت بن چکا ہے۔یاد رہے کہ یہ جوڑی پہلے ہی ڈرامہ بریانی میں اپنی آن اسکرین کیمسٹری کے باعث مداحوں کی توجہ حاصل کر چکی تھی اور اب حقیقی زندگی میں بھی ان کا ساتھ خبروں کی زینت بن گیا ہے۔