کراچی( شوبز ڈیسک)نامور پاکستانی اداکارہ ریما خان نے ایک چونکا دینے والا انکشاف کرتے ہوئے ماضی میں ساتھی اداکارہ کو تھپڑ مارنے کا اعتراف کر لیا۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ ان کے کیریئر کے ابتدائی دور میں پیش آیا۔ریما خان، جو اپنی خوبصورتی اور کامیاب فلمی سفر کے باعث طویل عرصے تک شوبز انڈسٹری پر چھائی رہیں، نے اپنے فنی سفر کا آغاز فلم بلندی سے کیا اور جلد ہی شہرت کی بلندیوں تک پہنچ گئیں۔ ان کی دیگر معروف فلموں میں کوئی تجھ سا کہاں، زمین آسمان، جو ڈر گیا وہ مر گیا، چور مچائے شور، ہاتھی میرے ساتھی اور نکاح شامل ہیں۔ایک حالیہ پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے ریما خان نے بتایا کہ فلم مس استنبول کی شوٹنگ کے دوران ایک ساتھی اداکارہ کی بدتمیزی پر وہ خود پر قابو نہ رکھ سکیں اور انہیں تھپڑ مار دیا۔ ان کے مطابق اس وقت ان کی عمر کم تھی اور وہ صرف اپنے کام پر توجہ دینے والی شخصیت رکھتی تھیں، تاہم مسلسل بدزبانی نے انہیں مشتعل کر دیا۔ریما خان نے کہا کہ واقعہ کے وقت شوٹنگ کے مقام پر متعدد افراد موجود تھے اور ساتھی اداکارہ نے دو مرتبہ بدتمیزی کی، جس کے بعد انہوں نے ردعمل دیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ گالی گلوچ سے گریز کرتی ہیں، تاہم اس عمل پر انہیں آج بھی افسوس ہے۔اداکارہ نے اس ساتھی فنکارہ کا نام ظاہر کرنے سے گریز کیا، تاہم بتایا کہ وہ آج بھی شوبز انڈسٹری میں سرگرم ہیں۔ ریما خان اس وقت شادی کے بعد امریکا میں مقیم ہیں اور شوبز سرگرمیوں میں محدود نظر آتی ہیں۔
ریما خان کا چونکا دینے والا اعتراف، ساتھی اداکارہ کو تھپڑ مارنے کی وجہ سامنے آگئی
2 گھنٹے قبل