لاہور( سپورٹس ڈیسک)پاکستان سپر لیگ کے چیمپئن لاہور قلندرز نے کینسر میں مبتلا بچے فرزان کی کپتان شاہین شاہ آفریدی سے ملاقات کی خواہش پوری کر دی۔قلعہ دیدار سنگھ گوجرانوالہ سے تعلق رکھنے والے بچے فرزان نے ایک ویڈیو پیغام کے ذریعے لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی سے ملنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔لاہور قلندرز کی انتظامیہ نے اس خصوصی خواہش پر فوری طور پر اقدام کرتے ہوئے فرزان کو میدان میں مدعو کیا جہاں وہ ٹیم کو سپورٹ کرنے کے لیے موجود رہا۔اس موقع پر فرزان کی ملاقات کپتان شاہین شاہ آفریدی اور ثمین رانا سے کرائی گئی۔ شاہین آفریدی نے بچے کے نام کی ٹی شرٹ دستخط کر کے اسے تحفے میں دی اور اس کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں۔ فرزان نے اس دوران لاہور قلندرز کا میچ بھی اسٹیڈیم میں بیٹھ کر دیکھا۔فرزان اور ان کے والد نے لاہور قلندرز کی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا جبکہ والد نے عاطف رانا اور ثمین رانا کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔