اسلام آباد( اباسین خبر)صدر مملکت آصف علی زرداری نے چین کے تاریخی اور انقلابی رہنما ماؤزے تنگ کے آبائی شہر شاؤشان کا دورہ کیا اور ان کے مجسمے پر گلدستہ رکھ کر خراج عقیدت پیش کیا۔یہ دورہ چین کے صوبے ہونان کے شہر شاؤشان میں کیا گیا، جہاں سینئر چینی رہنما لی جیانگ اور شاؤشان ایڈمنسٹریشن کے ڈائریکٹر ژانگ شی ہوئی نے صدر پاکستان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر صدر کو ماؤزے تنگ کی زندگی، جدوجہد اور انقلابی سفر سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔حکام کے مطابق شاؤشان میں قائم یادگاری ادارے چین کی انقلابی تاریخ کو محفوظ رکھنے اور نئی نسل میں تاریخی شعور اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔بعد ازاں صدر مملکت نے ماؤزے تنگ میموریل میوزیم کا دورہ کیا، جہاں انہیں چین کے بانی رہنما کی سیاسی فکر، جدوجہد اور ورثے کے مختلف پہلوؤں سے آگاہ کیا گیا۔ اس موقع پر انہوں نے تاریخی نوادرات، دستاویزات اور تصاویر کا مشاہدہ بھی کیا۔صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ ماؤزے تنگ نے چین کی تاریخ میں انقلابی تبدیلی کی بنیاد رکھی اور ان کی قیادت و وژن آج بھی چین کی ترقی میں نمایاں نظر آتا ہے۔ ان کے مطابق ایسے تاریخی مقامات کا تحفظ ماضی کو زندہ رکھنے کے ساتھ ساتھ جدید چین کی ترقی کو سمجھنے میں بھی مدد فراہم کرتا ہے۔اس موقع پر صدر کے ہمراہ سینیٹر سلیم مانڈوی والا، سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن، علی حسن بروہی، سید قاسم نوید قمر، چیف سیکریٹری سندھ، پاکستان میں چین کے سفیر اور چین میں پاکستان کے سفیر بھی موجود تھے۔
صدر آصف علی زرداری کا شاؤشان دورہ، ماؤزے تنگ کو خراج عقیدت پیش کیا
8 گھنٹے قبل