وزیراعظم شہباز شریف اور نیوزی لینڈ کے ہم منصب کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ، علاقائی امن پر تبادلہ خیال

8 گھنٹے قبل
وزیراعظم شہباز شریف اور نیوزی لینڈ کے ہم منصب کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ، علاقائی امن پر تبادلہ خیال

اسلام آباد ( اباسین خبر) وزیراعظم شہباز شریف سے نیوزی لینڈ کے وزیراعظم کرسٹوفر لکسن نے ٹیلیفونک رابطہ کیا، جس میں دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات اور علاقائی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی۔ نجی ٹی وی کے مطابق خوشگوار اور دوستانہ ماحول میں ہونے والی اس گفتگو کے دوران مشرقِ وسطیٰ میں بدلتی ہوئی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے ہم منصب کو خطے میں امن کے فروغ اور کشیدگی میں کمی کے لیے پاکستان کی جاری سفارتی کوششوں سے آگاہ کیا۔نیوزی لینڈ کے وزیراعظم نے پاکستان کی تعمیری سفارتی کاوشوں خصوصاً واشنگٹن اور تہران کے ساتھ روابط کو سراہا اور ان کوششوں کی کامیابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے اس موقع پر خطے اور دنیا میں امن، مکالمے اور استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا اور باہمی تعاون کے فروغ کے عزم کا اظہار کیا۔ اس موقع پر نیوزی لینڈ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے مثبت کردار کو بھی سراہا گیا۔گفتگو کے اختتام پر وزیراعظم شہباز شریف نے نیوزی لینڈ کے وزیراعظم کو پاکستان کے سرکاری دورے کی دعوت دی، جبکہ دونوں رہنماؤں نے آئندہ بھی قریبی رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔