ویٹی کن سٹی( مانیٹرنگ ڈیسک) کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ لیو نے کہا ہے کہ جنگیں شروع کرنے اور زمین کے وسائل پر قبضہ کرنے والے دراصل انسانیت کے پرامن مستقبل کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔چرنوبل ایٹمی حادثے کی چالیسویں برسی کے موقع پر اپنے خطاب میں انہوں نے خبردار کیا کہ ایٹمی توانائی کا استعمال انتہائی ذمہ داری اور دانشمندی کے ساتھ ہونا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ چرنوبل کا سانحہ آج بھی انسانیت کے اجتماعی شعور پر گہرا اثر رکھتا ہے اور یہ جدید طاقتور ٹیکنالوجی کے خطرات کی واضح یاد دہانی ہے۔انہوں نے کہا کہ دنیا میں مختلف شکلوں میں ایسے عناصر موجود ہیں جو جنگوں کو فروغ دیتے ہیں، وسائل کی لوٹ مار کرتے ہیں یا برائی کو پھیلاتے ہیں، جس کے نتیجے میں انسانیت کا پُرامن مستقبل متاثر ہوتا ہے۔پوپ لیو نے امید ظاہر کی کہ عالمی سطح پر فیصلے کرتے وقت عقل اور ذمہ داری کو ترجیح دی جائے گی تاکہ ایٹمی توانائی کو صرف امن اور انسانی فلاح کے لیے استعمال کیا جا سکے۔واضح رہے کہ چرنوبل کا سانحہ تاریخ کا بدترین ایٹمی حادثہ قرار دیا جاتا ہے جس کے اثرات طویل عرصے تک دنیا بھر میں محسوس کیے جاتے رہے ہیں۔
جنگیں اور وسائل کی لوٹ مار انسانیت کا پرامن مستقبل چھین رہی ہے، پوپ لیو
3 گھنٹے قبل