عالمی یومِ کتاب پر صدر اور وزیراعظم کا مطالعہ کے فروغ پر زور

1 گھنٹے قبل
عالمی یومِ کتاب پر صدر اور وزیراعظم کا مطالعہ کے فروغ پر زور

اسلام آباد( اباسین خبر) عالمی یومِ کتاب کے موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے مطالعہ کے کلچر کو فروغ دینے کو قومی ترقی کے لیے ناگزیر قرار دیا ہے۔صدر مملکت نے اپنے پیغام میں کہا کہ کتابیں علم و آگہی کا سب سے مستند ذریعہ ہیں اور مطالعہ ہی ترقی کی بنیاد فراہم کرتا ہے۔ ان کے مطابق مصنوعی ذہانت کے دور میں بھی کتاب کی اہمیت کم نہیں ہوئی بلکہ مزید بڑھ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئی نسل میں مطالعے کی عادت پیدا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے کیونکہ کتابیں کردار سازی اور مثبت سوچ کو فروغ دیتی ہیں۔وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں دنیا بھر کے قارئین، مصنفین، ادیبوں، ناشرین، اساتذہ اور طلبہ کو عالمی یومِ کتاب پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ کتابیں صدیوں سے علم، دانائی اور رہنمائی کا اہم ذریعہ رہی ہیں اور یہ ذہنی افق کو وسعت دینے میں بنیادی کردار ادا کرتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ کتابیں مختلف ثقافتوں اور نظریات سے روشناس کراتی ہیں اور معاشرے میں برداشت، امن اور مثبت سوچ کو فروغ دیتی ہیں جو کسی بھی ترقی یافتہ معاشرے کی بنیاد ہیں۔