بابر اعظم کا ٹیسٹ کرکٹ میں مستقل مزاجی اور مزید محنت کا عزم

9 گھنٹے قبل
بابر اعظم کا ٹیسٹ کرکٹ میں مستقل مزاجی اور مزید محنت کا عزم

کراچی( سپورٹس ڈیسک)مستند بیٹر اور سابق قومی کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ وہ مستقبل میں ٹیسٹ کرکٹ میں مثبت ذہنیت کے ساتھ کھیل جاری رکھیں گے اور اپنی کارکردگی کے تسلسل کو برقرار رکھنے کے لیے بھرپور محنت کریں گے۔اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف شاندار سنچری اسکور کر کے پشاور زلمی کی فتح میں اہم کردار ادا کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بابر اعظم نے کہا کہ سیمی فائنل کی حیثیت کے حامل اس اہم میچ میں سنچری اسکور کرنا ان کے لیے بہت اطمینان بخش رہا۔ انہوں نے کہا کہ اس موقع پر پہلی مرتبہ شائقین کی اسٹیڈیم میں موجودگی نے کھیل کا لطف مزید بڑھا دیا۔انہوں نے مزید کہا کہ زندگی اور کھیل دونوں میں اتار چڑھاؤ آتے رہتے ہیں اور وقت کے ساتھ بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملتا ہے۔ بابر اعظم کے مطابق انہیں کراچی کے میدان سے ہمیشہ اچھی یادیں وابستہ رہی ہیں اور وہ ہر میدان میں بہتر کارکردگی دکھانے کی کوشش کرتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ لاہور اور کراچی کی پچز میں واضح فرق ہوتا ہے جبکہ نیشنل اسٹیڈیم کراچی کی پچ پر آسٹریلوی مٹی کا خاص اثر بھی دیکھنے کو ملتا ہے۔بابر اعظم نے کہا کہ انہوں نے خود کو ڈسپلن کیا، توجہ مرکوز رکھی اور محنت کا پھل بھی ملا۔ ان کے مطابق وہ ریکارڈز کو زیادہ اہمیت نہیں دیتے بلکہ ہر اگلے میچ پر توجہ رکھتے ہیں۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ رواں سیزن میں فارم بہتر ہونے پر وہ خوش ہیں اور ان کے مطابق محنت اور مسلسل مشق سے بہتری ممکن ہوتی ہے۔ بابر اعظم نے بتایا کہ پی ایس ایل سے پہلے انہوں نے اپنی ذہنی تیاری کو بہتر کیا اور گیم پلان پر بھرپور کام کیا۔ انہوں نے ساتھی کھلاڑی کوشل مینڈس کے ساتھ کھیل کو خوشگوار تجربہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسپنرز کے خلاف بیٹنگ پر دونوں کے درمیان گفتگو بھی ہوتی رہتی ہے۔