کراچی( کامرس ڈیسک)گڈز ٹرانسپورٹ کے شعبے نے ڈیزل کی قیمتوں میں حالیہ کمی کے باوجود کرایوں میں کمی نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس سے ٹرانسپورٹ اور کاروباری حلقوں میں نئی بحث شروع ہو گئی ہے۔پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس کے صدر ملک شہزاد اعوان نے بیان دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کی جانب سے ڈیزل کی قیمت میں کمی کے اعلان کا خیر مقدم کیا جاتا ہے، تاہم موجودہ حالات میں کرایوں میں کسی قسم کی کمی نہیں کی جائے گی اور نرخ برقرار رہیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ موجودہ صورتحال میں ملک میں درآمد و برآمد کا کاروبار شدید متاثر ہے، جس کے باعث ہزاروں گاڑیاں بند کھڑی ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ٹرانسپورٹ انڈسٹری پہلے ہی شدید مالی دباؤ کا شکار ہے اور کئی گاڑیاں نقصان کے باعث آپریشن میں نہیں لائی جا رہیں۔ملک شہزاد اعوان کے مطابق ماضی میں ڈیزل کی قیمت میں نمایاں اضافہ کیا گیا تھا، جبکہ حالیہ کمی کے باوجود مجموعی بوجھ اب بھی برقرار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کرایوں میں کمی اس وقت تک ممکن نہیں جب تک ڈیزل کی قیمتوں میں مزید واضح کمی نہ کی جائے۔انہوں نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے ٹرانسپورٹرز کو کوئی خاطر خواہ ریلیف فراہم نہیں کیا گیا، جبکہ ٹول ٹیکس، ودہولڈنگ ٹیکس اور موٹروے پولیس کے چالانوں کی مد میں بھاری اخراجات کا سامنا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ٹرانسپورٹرز ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، اس لیے حکومت کو چاہیے کہ وہ ٹیکسوں میں کمی اور سہولیات میں اضافہ کرے تاکہ شعبہ بہتر انداز میں چل سکے۔مزید کہا گیا کہ جب تک پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید واضح کمی نہیں ہوتی، اس وقت تک کرایوں میں کسی تبدیلی کا امکان نہیں۔
ڈیزل کی قیمت میں کمی کے باوجود گڈز ٹرانسپورٹ کا کرایوں میں کمی سے انکار
2 گھنٹے قبل