کراچی( کامرس ڈیسک)اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے متحدہ عرب امارات کو دو ارب ڈالر کی ادائیگی کی تصدیق کر دی ہے، جبکہ باقی ڈیڑھ ارب ڈالر آئندہ مرحلے میں ادا کیے جائیں گے۔ذرائع کے مطابق متحدہ عرب امارات کی جانب سے مجموعی طور پر 3.5 ارب ڈالر کی واپسی کا مطالبہ کیا گیا تھا، جس کے بعد پہلے مرحلے میں دو ارب ڈالر واپس کیے جا چکے ہیں۔ باقی رقم 23 اپریل کو ادا کی جائے گی۔اس حوالے سے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کا کہنا ہے کہ ادائیگیوں کے باوجود ملکی زرمبادلہ کے ذخائر پر کوئی منفی اثر نہیں پڑے گا اور بیرونی ادائیگیوں کے لیے انتظامات مکمل ہیں۔ذرائع نے مزید بتایا کہ حالیہ دنوں میں پاکستان کو مالی معاونت بھی حاصل ہوئی ہے، جس کے تحت سعودی عرب سے دو ارب ڈالر موصول ہوئے ہیں، جبکہ یورو بانڈز کی فروخت کے ذریعے 50 کروڑ ڈالر بھی حاصل کیے گئے ہیں۔معاشی ماہرین کے مطابق ان مالیاتی اقدامات سے قلیل مدت میں زرمبادلہ کے ذخائر مستحکم رکھنے میں مدد ملی ہے، تاہم طویل المدتی مالی پالیسیوں کی ضرورت برقرار ہے تاکہ بیرونی قرضوں پر انحصار کم کیا جا سکے۔
پاکستان کی جانب سے متحدہ عرب امارات کو 3.5 ارب ڈالر قرض کی واپسی کا عمل شروع
2 گھنٹے قبل