گبد بارڈر ٹرمینل فعال، پاکستان کیلئے وسطی ایشیا تک نئی تجارتی راہداری کھل گئی

3 گھنٹے قبل
گبد بارڈر ٹرمینل فعال، پاکستان کیلئے وسطی ایشیا تک نئی تجارتی راہداری کھل گئی

اسلام آباد( کامرس ڈیسک)پاکستان نے ایران اور وسطی ایشیائی ریاستوں کے ساتھ تجارتی روابط میں اہم پیش رفت کرتے ہوئے گبد بارڈر ٹرمینل کو فعال کر دیا ہے، جسے علاقائی تجارت کے لیے ایک بڑا سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔نیشنل لاجسٹک کارپوریشن کے مطابق گبد بارڈر ٹرمینل کو بین الاقوامی راہداری نظام کے تحت فعال کیا گیا ہے، جس سے ایران کے ذریعے تجارت کو فروغ ملے گا اور علاقائی روابط مضبوط ہوں گے۔حکام کا کہنا ہے کہ ایران کے راستے وسطی ایشیا تک رسائی اب زیادہ مختصر، محفوظ اور جدید ہو گئی ہے، جبکہ اس متبادل راہداری سے افغانستان پر انحصار بھی کم ہو جائے گا۔اس پیش رفت کے تحت کراچی سے تاشقند بھیجے گئے گوشت کے کنٹینرز کو ترجیحی بنیادوں پر کلیئر کر کے ایران کے راستے ازبکستان روانہ کیا گیا۔این ایل سی کے مطابق چین، ایران اور وسطی ایشیائی ممالک تک متعدد تجارتی راہداریوں کو فعال کیا جا چکا ہے، جبکہ گبد بارڈر ٹرمینل مارچ 2024 میں مکمل کیا گیا تھا۔ماہرین کے مطابق اس نئے روٹ سے نہ صرف فاصلہ کم ہوگا بلکہ لاجسٹکس اخراجات میں بھی کمی آئے گی، جس سے برآمدات میں اضافہ اور تجارت میں بہتری متوقع ہے۔یہ اقدام پاکستان کو خطے میں ایک اہم تجارتی مرکز بنانے کی جانب پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ گوادر کے قریب گبد رمدان راہداری مستقبل میں ایک اہم تجارتی گزرگاہ بن سکتی ہے۔