پاکستان امریکا اقتصادی روابط میں پیشرفت، اہم ملاقات میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

3 گھنٹے قبل
پاکستان امریکا اقتصادی روابط میں پیشرفت، اہم ملاقات میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

واشنگٹن ( کامرس ڈیسک) وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور امریکی وزیر تجارت ہاورڈ لٹنک کے درمیان اہم ملاقات ہوئی، جس میں دو طرفہ اقتصادی شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزارت خزانہ کے مطابق یہ ملاقات عالمی بینک اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے بہار اجلاس 2026 کے موقع پر ہوئی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ پر خصوصی توجہ دی گئی۔ملاقات کے دوران نجی شعبے کی شمولیت کو آسان بنانے، سرمایہ کاری کے بہاؤ میں اضافے اور باہمی تعاون کو وسعت دینے پر بھی غور کیا گیا۔اس موقع پر کان کنی، توانائی اور معلوماتی ٹیکنالوجی سمیت مختلف اہم شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امکانات کا جائزہ لیا گیا، جبکہ دونوں ممالک نے مشترکہ مفاد کے اقتصادی مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھانے پر زور دیا۔