کوچیلا اسٹیج پر امریکا پر سخت اور انو کھی تنقید

2 گھنٹے قبل
کوچیلا اسٹیج پر امریکا پر سخت اور انو کھی تنقید

وا شنگٹن( شوبز ڈیسک)امریکا کے معروف موسیقی بینڈ دی اسٹروکس نے کوچیلا میلے میں اپنی پیشکش کے اختتام پر امریکی پالیسیوں کو منفرد انداز میں ہدفِ تنقید بنایا اور مشرقِ وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال پر اہم سیاسی پیغام دیا۔بینڈ کی جانب سے اختتامی لمحات میں اسٹیج پر ایک خصوصی ویڈیو پیش کی گئی جس میں امریکی خفیہ ادارے پر مختلف ممالک میں حکومتیں تبدیل کرنے کے الزامات عائد کیے گئے۔ ویڈیو میں غزہ پر اسرائیلی حملوں اور ایران پر امریکی کارروائیوں کے مناظر بھی شامل تھے۔جوں ہی موسیقی پیشکش اختتام پذیر ہوئی، اسٹیج پر نصب بڑی برقی اسکرینوں پر مشرقِ وسطیٰ میں ہونے والی حالیہ امریکی بمباری کی جھلکیاں دکھائی گئیں۔ ویڈیو کے ایک عنوان میں دعویٰ کیا گیا کہ ایران میں تیس سے زائد جامعات تباہ کر دی گئیں، جبکہ غزہ سے متعلق ایک منظر کے ساتھ لکھا گیا کہ یہ وہاں موجود آخری جامعہ تھی۔یہ ویڈیو تاریخی پس منظر سے لے کر حالیہ امریکی میزائل حملوں تک مختلف ادوار کا احاطہ کرتی رہی اور دنیا کے مختلف خطوں میں امریکی مداخلت کو نمایاں کیا گیا۔ اس میں یہ الزام بھی عائد کیا گیا کہ امریکی خفیہ ادارہ کئی ممالک کے حکمرانوں کے قتل میں ملوث رہا ہے۔بینڈ کے اس اقدام کو سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر صارفین کی جانب سے بھرپور پذیرائی مل رہی ہے اور کوچیلا کے اسٹیج کو امریکی اقدامات کے خلاف آواز بلند کرنے کے لیے استعمال کرنے پر اسے سراہا جا رہا ہے۔