نئی آٹو پالیسی کی تیاری، درآمدی گاڑیوں پر ڈیوٹی ختم کرنے کا اصولی فیصلہ

2 گھنٹے قبل
نئی آٹو پالیسی کی تیاری، درآمدی گاڑیوں پر ڈیوٹی ختم کرنے کا اصولی فیصلہ

اسلام آباد( کامرس ڈیسک) وفاقی حکومت نے نئی پانچ سالہ آٹو پالیسی کے تحت درآمدی گاڑیوں پر ڈیوٹی ختم کرنے کا اصولی فیصلہ کر لیا ہے، جبکہ باضابطہ اعلان متوقع پالیسی کی منظوری کے بعد کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق وزارت صنعت و پیداوار نے نئی آٹو پالیسی کا مسودہ تیار کر لیا ہے جس پر اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت جاری ہے۔ پالیسی کو حتمی شکل دینے کے لیے متعلقہ فریقین اور بین الاقوامی مالیاتی ادارے سے بھی رابطہ رکھا جا رہا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ مقامی آٹو مینوفیکچررز نے پالیسی کا دورانیہ پانچ سال کے بجائے دس سال کرنے اور استعمال شدہ گاڑیوں کی درآمدی مدت بڑھانے کی مخالفت کی ہے۔ ان کا مؤقف ہے کہ اس سے مقامی صنعت متاثر ہو سکتی ہے۔دوسری جانب بعض تجویز کردہ نکات کے مطابق آئندہ پانچ سال میں درآمدی گاڑیوں پر کسٹم ڈیوٹی کو مرحلہ وار کم کر کے پندرہ فیصد تک لانے اور سیفٹی اسٹینڈرڈز اور لائسنسنگ نظام کو مزید سخت کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق نئی پالیسی کا مسودہ رواں ماہ کے آخر تک بین الاقوامی مالیاتی ادارے سے شیئر کیا جائے گا، جس کی منظوری کے بعد اسے وفاقی کابینہ میں پیش کیا جائے گا۔ منظوری کے بعد نئی آٹو پالیسی کا باضابطہ اعلان کر دیا جائے گا۔