ستارہ پیٹرولیم کا آئی پی او، 4.8 ارب روپے سے نیٹ ورک اور اسٹوریج کی توسیع کا اعلان

2 گھنٹے قبل
ستارہ پیٹرولیم کا آئی پی او، 4.8 ارب روپے سے نیٹ ورک اور اسٹوریج کی توسیع کا اعلان

اسلام آباد( کامرس ڈیسک)ستارہ پیٹرولیم سروس لمیٹڈ نے ابتدائی عوامی پیشکش کے ذریعے چار ارب اسی کروڑ روپے سے زائد کے فنڈز حاصل کرنے کا اعلان کیا ہے، جو کمپنی اپنے فیول ریٹیل نیٹ ورک، لاجسٹکس آپریشنز اور اسٹوریج انفرااسٹرکچر کی توسیع پر خرچ کرے گی۔کمپنی کے پراسپیکٹس کے مطابق مجموعی طور پر دو سو انہتر اعشاریہ نو ملین عام شیئرز پیش کیے جا رہے ہیں جو آئی پی او کے بعد ادا شدہ سرمائے کا تقریباً سولہ اعشاریہ چھیاسٹھ فیصد بنتے ہیں۔ ان میں سے ایک سو گیارہ اعشاریہ نو ملین شیئرز پہلے ہی پری آئی پی او کے ذریعے الاٹ ہو چکے ہیں جبکہ ایک سو اڑسٹھ ملین شیئرز عوام کے لیے پیش کیے جا رہے ہیں۔بک بلڈنگ کا آغاز تیرہ اعشاریہ پچاس روپے فی شیئر سے ہوگا، جس میں سرمایہ کاروں کی دلچسپی کے مطابق قیمت میں اضافہ ہو کر اٹھارہ اعشاریہ نوے روپے تک جا سکتی ہے۔ شیئرز کا بڑا حصہ ادارہ جاتی اور بڑے سرمایہ کاروں کے لیے مختص کیا گیا ہے جبکہ باقی حصے عام عوام کے لیے ہوں گے۔کمپنی پہلے ہی پری آئی پی او کے ذریعے تقریباً ایک ارب چھیاسٹھ کروڑ روپے حاصل کر چکی ہے جبکہ آئی پی او سے مزید تین ارب روپے سے زائد کی آمدن متوقع ہے، جس سے مجموعی فنڈز چار ارب اسی کروڑ روپے تک پہنچ جائیں گے۔حاصل شدہ سرمایہ کا زیادہ حصہ آئل اسٹوریج ٹرمینل کی تعمیر، فیول اسٹیشنز کے نیٹ ورک کی توسیع اور ٹینکر فلیٹ میں اضافے پر خرچ کیا جائے گا۔ کمپنی آئندہ دو برسوں میں اپنے ریٹیل آؤٹ لیٹس کو سو سے زائد اور ٹینکر فلیٹ کو تین سو ستر گاڑیوں تک بڑھانے کا منصوبہ رکھتی ہے۔کمپنی کے چیف ایگزیکٹو کے مطابق یہ اقدام کاروباری ڈھانچے کو مزید مضبوط بنانے، آپریشنل کارکردگی بہتر کرنے اور طویل المدتی ترقی کے مواقع بڑھانے میں مدد دے گا۔