اسلام آباد( کامرس ڈیسک) وفاقی حکومت نے عالمی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف کو آئندہ مالی سال 2026-27 کے وفاقی بجٹ میں ترقیاتی منصوبوں کے لیے 10 فیصد تک فنڈز مختص کرنے کی یقین دہانی کروا دی ہے۔تفصیلات کے مطابق آئی ایم ایف کا جائزہ مشن بجٹ سازی کے عمل پر حتمی مشاورت کے لیے آئندہ ماہ پاکستان کا دورہ کرے گا، جس دوران وفد کے ساتھ اگلے مالی سال کے مجوزہ اہداف پر تفصیلی بات چیت کی جائے گی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ بجٹ کے لیے مجموعی حجم، مجموعی ملکی پیداوار کا ہدف، ٹیکس وصولیوں، بجٹ خسارے، سرکاری ترقیاتی پروگرام، ٹیکس ٹو جی ڈی پی شرح اور قرض کی ادائیگی جیسے اہم اہداف آئی ایم ایف کے ساتھ طے شدہ معیار کے مطابق فائنل کیے جائیں گے۔مزید بتایا گیا ہے کہ اگلے مالی سال کے بجٹ میں غیر ضروری ٹیکس چھوٹ میں مزید کمی یا خاتمے پر بھی غور کیا جا رہا ہے تاکہ مالی نظم و ضبط کو بہتر بنایا جا سکے۔ذرائع کے مطابق فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری ایف پی سی سی آئی، ملک بھر کی تاجر تنظیموں اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کی جانب سے موصول ہونے والی بجٹ تجاویز کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے، اور انہی تجاویز کی روشنی میں آئندہ مالی سال کے بجٹ مسودے پر کام جاری ہے۔
اگلے مالی سال کا بجٹ: حکومت کی آئی ایم ایف کو ترقیاتی فنڈز کی 10 فیصد حد تک یقین دہانی
8 گھنٹے قبل