اسلام آباد( کامرس ڈیسک) وزیراعظم نے ملکی برآمدات میں اضافے کے لیے ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔یہ ہدایت وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت سرمایہ کاری کے فروغ سے متعلق جائزہ اجلاس میں دی گئی، جس میں ملک کی معاشی ترقی اور سرمایہ کاری کے ماحول پر تفصیلی غور کیا گیا۔وزیراعظم نے کہا کہ اقتصادی ترقی کے لیے سرمایہ کاری کا فروغ حکومت کی اولین ترجیح ہے، اور اس مقصد کے لیے ریگولیٹری عمل کو مزید آسان اور کم خرچ بنایا جائے گا تاکہ کاروباری سرگرمیوں میں تیزی آ سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت اور سرمایہ کاروں کے درمیان روابط کو مضبوط بنانا ضروری ہے جبکہ لائسنسنگ اور دیگر سروسز کے نظام کی ڈیجیٹلائزیشن کو مزید تیز کیا جائے گا۔ وزیراعظم کے مطابق خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے قیام سے سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ رواں مالی سال جولائی سے مارچ کے دوران ملکی برآمدات میں خصوصی اقتصادی زونز کا حصہ 3.7 فیصد رہا، جبکہ مالی سال 2028 تک اسے 8 فیصد تک بڑھانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔مزید بتایا گیا کہ صوبوں کی مشاورت سے بزنس ریڈی ایکشن پلان تیار کیا جا رہا ہے، جبکہ سرمایہ کاری کے عمل کو آسان بنانے کے لیے تمام سروسز کی ڈیجیٹلائزیشن جاری ہے۔ اس مقصد کے لیے پاکستان ریگولیٹری رجسٹری قائم کی جا رہی ہے۔بریفنگ میں یہ بھی بتایا گیا کہ ملک میں اس وقت 21 خصوصی اقتصادی زونز فعال ہیں اور جون 2026 تک ان کی تعداد 26 تک پہنچنے کی توقع ہے۔ آسان کاروبار ایکٹ کے تحت سرخ فیتے کے خاتمے اور ڈیجیٹل سروسز کے ذریعے سرمایہ کاری میں مزید بہتری کی امید ظاہر کی گئی ہے۔اجلاس میں وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، وزیر اقتصادی امور احد چیمہ، وزیر آئی ٹی شیزا فاطمہ، وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی، معاون خصوصی ہارون اختر اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
وزیراعظم کی سرمایہ کاری بڑھانے اور برآمدات میں اضافہ کے لیے سہولیات تیز کرنے کی ہدایت
8 گھنٹے قبل