لاہور( سپورٹس ڈیسک)پاکستان سپر لیگ کی ٹیم پشاور زلمی کو بڑا دھچکا لگا ہے، جہاں ٹیم کے دو اہم غیر ملکی کھلاڑی ایونٹ کے دوران ہی وطن واپس روانہ ہو گئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق بنگلادیش سے تعلق رکھنے والے کرکٹر ناہید رانا اور شورف الاسلام اپنی قومی ذمہ داریوں کے باعث واپس روانہ ہوئے تاکہ نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم سیریز کی تیاریوں میں حصہ لے سکیں۔دونوں کھلاڑیوں نے لیگ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا، خاص طور پر ملتان سلطانز کے خلاف میچ میں ناہید رانا نے 4 اوورز میں 24 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ شورف الاسلام نے بھی مؤثر باؤلنگ کی۔یاد رہے کہ بنگلادیش کرکٹ بورڈ نے اس میچ کے لیے پشاور زلمی اور پاکستان کرکٹ بورڈ کی درخواست پر دونوں کھلاڑیوں کے این او سی میں ایک روز کی توسیع بھی کی تھی۔توقع ظاہر کی جا رہی ہے کہ دونوں کرکٹرز کیویز کے خلاف ایک روزہ سیریز میں اپنی ٹیم کے لیے اہم کردار ادا کریں گے۔
پشاور زلمی کو بڑا دھچکا، دو غیر ملکی کھلاڑی وطن واپس روانہ
3 گھنٹے قبل