پشاور( اباسین خبر) خیبر پختونخوا اسمبلی نے اسلام آباد امن مذاکرات کی حمایت میں قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی ہے۔اسمبلی اجلاس میں حکومت اور اپوزیشن دونوں کی جانب سے پیش کی گئی قرارداد میں امن، استحکام اور علاقائی تعاون کو فروغ دینے پر زور دیا گیا۔قرارداد میں سابق وزیراعظم عمران خان کے خارجہ پالیسی وژن کو خراج تحسین پیش کیا گیا اور ان کے دور حکومت میں دوحہ امن عمل میں پاکستان کے کردار کو سراہا گیا۔متن کے مطابق کرتار پور راہداری کو ایک تاریخی اور مثبت اقدام قرار دیا گیا جبکہ اسلام آباد میں جاری امن مذاکرات کو پائیدار امن کے حصول کا واحد راستہ قرار دیا گیا ہے۔قرارداد میں مزید کہا گیا کہ خیبر پختونخوا اسمبلی امن، سفارت کاری اور علاقائی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے پرعزم ہے، اور اسلام آباد امن مکالمے کو خطے میں تعاون کا اہم موقع سمجھتی ہے۔ایوان نے اس مؤقف کا اظہار بھی کیا کہ تنازعات غربت اور انسانی مسائل میں اضافے کا سبب بنتے ہیں، اس لیے سیاسی اور سفارتی مکالمہ ناگزیر ہے۔آخر میں ایوان نے امن مذاکرات کی مکمل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے قرارداد کو متفقہ طور پر منظور کر لیا۔
خیبر پختونخوا اسمبلی میں امن مذاکرات کی حمایت کی قرارداد متفقہ طور پر منظور
9 گھنٹے قبل