ثناء یوسف قتل کیس، ٹرائل کورٹ پر عدم اعتماد کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

3 گھنٹے قبل
ثناء یوسف قتل کیس، ٹرائل کورٹ پر عدم اعتماد کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

اسلام آباد ( شوبز ڈیسک) اسلام آباد ہائی کورٹ نے ٹک ٹاکر ثناء یوسف قتل کیس میں ٹرائل کورٹ پر عدم اعتماد سے متعلق ملزم عمر حیات کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا ہے۔سماعت چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے کی، جس میں درخواست گزار کے وکیل، سرکاری وکیل اور مدعی مقدمہ کے وکیل سردار محمد قدیر عدالت میں پیش ہوئے۔دورانِ سماعت ملزم کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ ٹرائل کورٹ کا رویہ مناسب نہیں، جرح کے دوران غیر مناسب الفاظ استعمال کیے گئے اور انہیں مکمل موقع نہیں دیا جا رہا، اس لیے کیس کو کسی دوسری عدالت منتقل کیا جائے اور دوبارہ جرح کی اجازت دی جائے۔دوسری جانب مدعی کے وکیل نے مؤقف اپنایا کہ کیس کو دس ماہ گزر چکے ہیں، مگر ملزم کی جانب سے صرف دو گواہوں پر جرح کی گئی، جبکہ متعدد بار التواء بھی لیا گیا، ٹرائل کورٹ نے مکمل سہولت فراہم کی ہے۔عدالت نے ملزم کے وکیل سے استفسار کیا کہ ٹرائل کورٹ کے ساتھ ان کے رویے کے پیش نظر کارروائی کیسے آگے بڑھ سکتی ہے، اور یہ بھی کہا کہ عدالتوں کے درمیان رابطہ اور طریقہ کار کو مدنظر رکھا جانا چاہیے۔چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ متعلقہ عدالت ایک ماڈل کورٹ ہے اور اس حوالے سے اعلیٰ عدالتی فیصلے بھی موجود ہیں۔فریقین کے دلائل مکمل ہونے کے بعد عدالت نے کیس کا فیصلہ محفوظ کر لیا، جو بعد میں سنایا جائے گا۔