دبئی( کامرس ڈیسک)امریکی جریدے وال اسٹریٹ جرنل کی رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات نے خطے میں جاری کشیدگی اور ممکنہ معاشی دباؤ کے پیش نظر امریکا سے مالی تعاون کے لیے رابطہ کیا ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اگر ایران کے ساتھ جاری تنازع شدت اختیار کرتا ہے تو متحدہ عرب امارات کو مالی چیلنجز کا سامنا ہو سکتا ہے، جس کے پیش نظر ڈالر کی دستیابی یقینی بنانے کے لیے امریکی حکام سے بات چیت شروع کی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق اماراتی مرکزی بینک کے گورنر خالد محمد نے امریکی حکام سے اہم ملاقاتیں کی ہیں، جن میں ممکنہ مالی معاونت کے مختلف آپشنز پر غور کیا گیا۔ان ملاقاتوں میں کرنسی سواپ لائن کے ذریعے ڈالر تک رسائی کے امکانات پر بھی بات چیت ہوئی، جسے کسی بھی ممکنہ مالی بحران کی صورت میں استحکام برقرار رکھنے کے لیے اہم اقدام قرار دیا جا رہا ہے۔معاشی ماہرین کے مطابق اس نوعیت کے مالی رابطے خطے میں غیر یقینی صورتحال کے دوران معاشی تحفظ اور کرنسی استحکام کے لیے معمول کا حصہ ہوتے ہیں، تاہم بڑھتی ہوئی جغرافیائی کشیدگی نے مالیاتی خدشات کو مزید بڑھا دیا ہے۔
خطے میں کشیدگی کے باعث متحدہ عرب امارات کا امریکا سے مالی تعاون کے لیے رابطہ
1 گھنٹے قبل