شمالی کوریا ( مانیٹرنگ ڈیسک)شمالی کوریا نے ایک بار پھر بیلسٹک میزائلوں کا تجربہ کرتے ہوئے متعدد میزائل فائر کیے ہیں، جس کے بعد مشرقی ایشیا کے خطے میں کشیدگی میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔شمالی کوریا کی فوج کے مطابق میزائل ملک کے مشرقی ساحلی شہر سن پو کے قریب سے مقامی وقت کے مطابق صبح 6 بج کر 10 منٹ پر فائر کیے گئے، جو تقریباً 140 کلومیٹر تک پرواز کرنے کے بعد سمندر میں جا گرے۔رپورٹس کے مطابق یہ رواں ماہ کے دوران چوتھا اور سال 2026 کا ساتواں میزائل تجربہ ہے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ پیانگ یانگ اپنی عسکری صلاحیتوں کو مسلسل بڑھا رہا ہے۔جاپانی حکام نے بھی اس بات کی تصدیق کی ہے کہ میزائل جزیرہ نما کوریا کے مشرقی ساحل کے قریب سمندر میں گرے، تاہم کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔دوسری جانب جنوبی کوریا کے صدارتی دفتر بلیو ہاؤس نے فوری طور پر ہنگامی سکیورٹی اجلاس طلب کر لیا۔ حکام نے ان تجربات کو اشتعال انگیزی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہیں۔غیر ملکی خبررساں اداروں کے مطابق ابھی تک یہ واضح نہیں ہو سکا کہ فائر کیے گئے میزائل کس نوعیت کے تھے، تاہم سن پو کا علاقہ آبدوز اور آبدوز سے داغے جانے والے بیلسٹک میزائل تجربات کے لیے جانا جاتا ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا کے مسلسل میزائل تجربات خطے میں عدم استحکام کو بڑھا سکتے ہیں اور عالمی سطح پر سکیورٹی خدشات میں مزید اضافہ کر رہے ہیں۔
شمالی کوریا کے بیلسٹک میزائل تجربات، مشرقی ایشیا میں کشیدگی میں اضافہ
1 گھنٹے قبل