اسلام آباد( اباسین خبر) وفاقی دارالحکومت میں تجاوزات کے خلاف بلاامتیاز آپریشن جاری ہے اور مختلف علاقوں میں غیر قانونی تعمیرات کو مسمار کیا جا رہا ہے۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ اسلام آباد کو اس کی اصل حالت میں بحال کرنا اور تجاوزات کا مکمل خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ذرائع کے مطابق میریٹ اور ایوب چوک کے قریب گرین بیلٹ پر قائم ایک ادارے کا کیمپ دفتر بھی آپریشن کے دوران مسمار کر دیا گیا، جو سرکاری کارروائی کے تحت انجام دیا گیا۔اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ اسلام آباد میں بلا تفریق کارروائی جاری رہے گی اور کسی قسم کا دباؤ قبول نہیں کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ غیر قانونی تعمیرات اور قبضوں کے خلاف سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ متعلقہ ادارے کے لیے متبادل قانونی جگہ فراہم کی جائے گی تاکہ انتظامی امور متاثر نہ ہوں۔محسن نقوی نے واضح کیا کہ تجاوزات اور قبضہ مافیا کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل کیا جا رہا ہے اور کسی بھی سرکاری یا نجی ادارے کو سرکاری اراضی پر غیر قانونی قبضے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
اسلام آباد میں تجاوزات کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری، غیر قانونی تعمیرات مسمار
3 گھنٹے قبل