لاہور( اباسین خبر) قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ اعلیٰ تعلیم کا فروغ اور تحقیق و جدت کی حوصلہ افزائی ملک کی ترقی کی ضمانت ہے۔لاہور میں مختلف جامعات کے وائس چانسلرز نے قائم مقام صدر سے ملاقات کی، جن میں پنجاب یونیورسٹی، یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ملتان اور یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز لاہور کے وائس چانسلرز شامل تھے۔ملاقات کے دوران اعلیٰ تعلیم کے معیار، ادارہ جاتی ترقی اور جامعات کو درپیش مسائل سمیت مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ موجودہ عالمی صورتحال کے پیش نظر جامعات کو روایتی تدریس سے آگے بڑھ کر تحقیق، تنقیدی سوچ، اختراع اور عملی مہارتوں پر خصوصی توجہ دینی چاہیے تاکہ نوجوانوں کو مستقبل کے تقاضوں کے مطابق تیار کیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ جامعات کو قومی ترقی کے اہداف سے ہم آہنگ کرتے ہوئے سماجی و اقتصادی مسائل کے حل میں بھی فعال کردار ادا کرنا ہوگا۔وائس چانسلرز نے نصاب کی جدید تشکیل، اساتذہ کی تربیت، تحقیقی وسائل میں اضافہ اور صنعت و تعلیمی اداروں کے درمیان روابط کو مضبوط بنانے پر زور دیا۔قائم مقام صدر نے کہا کہ تعلیمی پروگراموں کو قومی ترجیحات اور جدید دور کے تقاضوں کے مطابق ڈھالنا وقت کی اہم ضرورت ہے، جبکہ جامعات کو نوجوانوں میں کاروباری صلاحیت، برداشت، شمولیت اور سماجی ذمہ داری کے شعور کو فروغ دینا چاہیے۔انہوں نے حکومت کی جانب سے اعلیٰ تعلیمی اداروں کی بہتری اور انہیں عالمی معیار کے مطابق بنانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔
اعلیٰ تعلیم کا فروغ ملکی ترقی کی ضمانت ہے، سید یوسف رضا گیلانی
3 گھنٹے قبل