صومالی قزاقوں کے قبضے میں بحری جہاز، 11 پاکستانی عملہ یرغمال، اہلخانہ کی حکومت سے فوری مدد کی اپیل

3 گھنٹے قبل
صومالی قزاقوں کے قبضے میں بحری جہاز، 11 پاکستانی عملہ یرغمال، اہلخانہ کی حکومت سے فوری مدد کی اپیل

کراچی( اباسین خبر) بحری جہاز آنر 25 پر صومالی قزاقوں کے قبضے کے بعد اس میں موجود گیارہ پاکستانی عملہ یرغمال بن گیا ہے، جبکہ اہلخانہ نے حکومت سے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔متاثرہ خاندانوں کے مطابق قزاقوں کے حملے کے بعد سے عملے سے رابطہ مکمل طور پر منقطع ہو چکا ہے۔ جہاز عمان سے فجیرہ جا رہا تھا کہ راستے میں اسے اغوا کر لیا گیا۔ اہلخانہ کا کہنا ہے کہ حکومتی سطح پر تاحال کوئی مؤثر مدد سامنے نہیں آئی، تاہم گورنر سندھ نے فون پر رابطہ کر کے تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔اہلخانہ نے بتایا کہ مغوی امین شمس دو بچوں کے والد ہیں، سید کاشف چار بچوں کے والد ہیں جبکہ عمران اور حسین بھی اپنے اپنے بچوں کے منتظر ہیں۔ ایک مغوی حسین کے بچے کی عمر نو سال ہے جو مسلسل والد کی واپسی کا انتظار کر رہا ہے۔ذرائع کے مطابق جہاز پر حملہ اکیس اپریل کو کیا گیا تھا، جس کے بعد قزاقوں نے مکمل کنٹرول حاصل کر لیا۔ وزارت بحری امور کے متعلقہ ادارے کا پاکستانی عملے سے رابطہ تاحال بحال نہیں ہو سکا جبکہ جہاز بھیجنے والی ایجنسی کی خاموشی پر بھی سوالات اٹھ رہے ہیں۔اہلخانہ نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ پاکستانی عملے کی محفوظ واپسی کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں۔