برطانیہ اور پولینڈ کے اعلیٰ حکام کی اسحاق ڈار سے ملاقات، جنگ بندی اور خطے کی صورتحال پر گفتگو

1 گھنٹے قبل
برطانیہ اور پولینڈ کے اعلیٰ حکام کی اسحاق ڈار سے ملاقات، جنگ بندی اور خطے کی صورتحال پر گفتگو

اسلام آباد( اباسین خبر)برطانیہ کی وزیر داخلہ یوویٹ کوپر اور پولینڈ کے نائب وزیر اعظم نے پاکستان کے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے اہم ملاقات کی جس میں خطے میں جنگ بندی میں توسیع اور مختلف سفارتی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔برطانوی وزیر داخلہ یوویٹ کوپر نے ملاقات کے دوران جنگ بندی کے تسلسل اور بحری راستوں خصوصاً آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کی بحالی سے متعلق امور پر گفتگو کی۔ انہوں نے پاکستان کے سفارتی کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے مذاکرات کے عمل میں سہولت کاری کے ذریعے اہم کردار ادا کیا ہے۔دوسری جانب پاکستان کے دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق پولینڈ کے نائب وزیر اعظم نے پاکستان اور پولینڈ کے درمیان تعلقات میں حالیہ مثبت پیش رفت کو سراہا اور مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ترجمان نے بتایا کہ ملاقات میں موجودہ علاقائی اور عالمی صورتحال پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ پولینڈ کے نائب وزیر اعظم نے ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی میں کمی اور جنگ بندی کے عمل میں پاکستان کے کردار کو بھی قابلِ تحسین قرار دیا۔مجموعی طور پر ان ملاقاتوں کو خطے میں سفارتی کوششوں اور امن کے فروغ کے حوالے سے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔