ایک طرف مذاکرات اور دوسری طرف امریکی صدر کی دھمکیوں کا سلسلہ سمجھ سے بالاتر ہے:مولانا فضل الرحمن

1 گھنٹے قبل
ایک طرف مذاکرات اور دوسری طرف امریکی صدر کی دھمکیوں کا سلسلہ سمجھ سے بالاتر ہے:مولانا فضل الرحمن

 لاہور( اباسین خبر)جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ کل سے ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات کا دوسرا دور شروع ہو رہا ہے اور پاکستان کو اس عالمی ثالثی کا اعزاز حاصل ہو رہا ہے، تاہم ایک طرف مذاکرات اور دوسری طرف امریکی صدر کی دھمکیوں کا سلسلہ سمجھ سے بالاتر ہے۔یہ بات انہوں نے معروف شاعر مرحوم سید سلمان گیلانی کی یاد میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کی نااہلی اور غلط حکمت عملی کے باعث ملک کی سرحدیں اور تجارتی راستے متاثر ہوئے ہیں، جس کے باعث قریبی دوست ملک بھی سرمایہ کاری سے ہچکچا رہا ہے۔مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ موجودہ نظام کو بدل کر اسلامی مشاورتی نظام کی طرف جانا ہوگا، اور ان کے مطابق ان کی جماعت ہی وہ قوت ہے جو موجودہ انتخابی نظام کی خامیوں کو ختم کر سکتی ہے۔انہوں نے بھارت کو تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی جارحیت کی صورت میں ان کی جماعت کے کارکن پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہوں گے۔تقریب میں سیاسی و مذہبی رہنماؤں نے بھی مرحوم سید سلمان گیلانی کو خراج عقیدت پیش کیا۔ خواجہ سعد رفیق نے انہیں نظریاتی دفاع کی علامت قرار دیا، جبکہ لیاقت بلوچ نے ان کی زندگی کو ختمِ نبوت کے تحفظ سے وابستہ قرار دیا۔اسی طرح مولانا عبدالغفور حیدری نے انہیں درویش صفت شخصیت قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ ظلم کے خلاف آواز بلند کی۔ تقریب کے اختتام پر مرحوم کی مغفرت اور ملک و قوم کی سلامتی کے لیے دعا کی گئی۔