پنجاب میں زمین کی خرید و فروخت کا نیا شفاف نظام نافذ

4 گھنٹے قبل
پنجاب میں زمین کی خرید و فروخت کا نیا شفاف نظام نافذ

لاہور( اباسین خبر)پنجاب حکومت نے اراضی کے نظام میں شفافیت لانے کے لیے اہم اصلاحاتی اقدام کرتے ہوئے زمین و جائیداد کی خرید و فروخت کے طریقہ کار کو مکمل طور پر تبدیل کر دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق اب صوبے میں زمین کی خرید و فروخت صرف گرین پراپرٹی سرٹیفکیٹ کے ذریعے کی جائے گی جبکہ روایتی فرد برائے بیع اور دیگر پرانی دستاویزات کا مکمل خاتمہ کر دیا گیا ہے۔حکام کے مطابق نیا گرین پراپرٹی سرٹیفکیٹ ملکیت اور قبضے کی بیک وقت تصدیق کرے گا، جس سے لین دین کے عمل میں شفافیت اور اعتماد میں اضافہ ہوگا۔ابتدائی طور پر اس نظام کا نفاذ بڑے شہروں میں کیا گیا ہے جبکہ اب اسے مرحلہ وار صوبے کے دیگر اضلاع تک بھی توسیع دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔اراضی نظام کی ڈیجیٹلائزیشن مہم کے تحت شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ گرین پراپرٹی سرٹیفکیٹ کے حصول کے لیے متعلقہ اراضی ریکارڈ مراکز سے رجوع کریں۔حکومتی حکام کے مطابق جدید ڈیجیٹل ریکارڈ سسٹم کے باعث زمینوں کے تنازعات میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے اور یہ اصلاحات صوبے میں لینڈ مینجمنٹ کے نظام میں ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہیں۔